دس سال پہلے بحر ہند میں آنے والے سونامی نے دو لاکھ سے زائد افراد کی جان لی، آج اس قدرتی آفت کے دس سال مکمل ہونے پر متاثرہ ممالک میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔ 26دسمبر 2004ء ایک ہولناک دن تھا جب بحر ہند میں 9اعشاریہ 1شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اٹھنے والی 57فٹ بلند ہلاکت خیز لہروں نے کئی ممالک کی ساحلی بستیوں کو ملیا میٹ کردیا۔ اس قدرتی آفت میں 2لاکھ 28ہزار افراد جان سے گئے۔سب سے زیادہ متاثر ہونے والے انڈونیشیا کے صوبے آچے
میں سونامی کی منہ زور لہروں کا شکار ہونے والے ایک لاکھ 70ہزار افراد کی یاد میں اجتماعی دعا کی گئی۔ دعا میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، بھارت میں بھی سونامی سے ہلاک ہونے والے 16ہزار سے زائد افراد کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تھائی لینڈ میں بھی عوامی اجتماع ہوا۔ سونامی میں مرنے والے ساڑھے 5ہزار افراد کی یاد میں دعا کی گئی۔ سری لنکا میں سونامی کی لہروں میں بہہ جانے والی ٹرین کے 2ہزار کے قریب مسافروں کی یاد میں اسی مقام پر ٹرین چلائی گئی۔